لکھنؤ،10؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی اپنی 9ویں فہرست جاری کر دی ہے اور اس فہرست میں 33 امیدواروں کے نام ہیں۔ کانگریس نے گورکھپور شہر سیٹ سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف چیتنا پانڈے کو امیدوار بنایا ہے۔
کانگریس نے اس فہرست میں چھٹے اور ساتویں مرحلے کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ اس فہرست میں 15 خواتین کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ وارانسی کینٹ سے راجیش مشرا کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ پارٹی کی طرف سے شاہ گنج سے پرویز عالم بھٹو، جون پور سے فیصل تبریز حسین، زمانیہ سے فرزانہ خاتون، وارانستی نارتھ سے گل رعنا تبسم اور بھدوہی سے وسیم انصاری کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں آج پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں 623 امیدوار میدان میں ہیں۔ 58 سیٹوں پر جہاں ووٹنگ ہو رہی ہے، 2017 میں بی جے پی نے 53 سیٹیں جیتی تھیں۔ یوپی میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 14 فروری کو ہونی ہے۔ اس کے بعد 20 فروری، 23 فروری، 27 فروری، 3 مارچ اور 7 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔